اتوار اور پیر کی درمیانی شب میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پارلیمنٹ کوشل کشور کی بہو انکیتا نے خود کشی کی کوشش کی۔
انکیتا کو لکھنو کے سول اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے۔
اطلاعات کے مطابق اپنی کلائیوں کو کاٹنے سے قبل انکیتا نے سوشل میڈیا پر دو ویڈیو پوسٹ کیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی زندگی کا خاتمہ کر رہی ہیں۔
ویڈیو میں انکیتا نے بتایا کہ ‘ان کی موت کے لئے ان کے شوہر آیوش ، رکن پارلیمنٹ کوشل کشور ، ان کی ساڈ ایم ایل اے جئے دیوی اور آیوش کا بھائی ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ آیوش نے اس کے ساتھ غداری کی تھی۔
انکیتا ویڈیو میں روتی ہوئی اور ایم پی کے بیٹے اور اس کے شوہر آیوش پر سنگین الزامات عائد کرتی نظر آرہی ہیں۔ اس نے بتایا کہ اسے امید تھی کہ اس کا شوہر اس کے پاس آئے گا لیکن وہ نہیں آیا۔
ذرائع نے بتایا کہ انکیتا ، اتوار کو دیر رات بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ کے گھر گئی اور وہاں اس نے اپنی کلائی کاٹی۔
اسے فوری طور پر سول اسپتال پہنچایا گیا۔ خواتین پولیس اہلکاروں کو اسپتال میں حفاظت اور نگرانی کے لئے تعینات کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال ایوش نے انکیتا کے ساتھ محبت کی شادی کی تھی۔ گھر والے اس کی شادی سے خوش نہیں تھے۔ آیوش اپنی اہلیہ کے ساتھ لکھنؤ کے منڈیون محلہ میں کرائے کے مکان میں رہ رہے تھے۔
3 مارچ کو ، آیوش کو گولیوں کی چوٹ لگی تھی جس کے بعد پولیس نے تفتیش کی اور کہا کہ آیوش نے اپنے اوپر حملہ کی سازش کی تھی۔
آیوش اسپتال سے لاپتہ ہوگئے تھے اور اتوار کے روز منڈیون پولیس کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کروانے پیش ہوئے۔
کوشل کشور موہن لال گنج لوک سبھا سیٹ سے رکن پارلیمنٹ ہیں۔